وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مسئلۂ کشمیر کو خاطر خواہ اہمیت نہ دئیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کو ہیڈ لائن بنا کر پیش کرتا ہے لیکن اس بات پر حیرت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے انسانی المیے کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے 9 لاکھ فوجی لا کر قبضہ کر لیا اور اب 80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرتارپورراہداری اپنے مقررہ وقت پر کھولی جائے گی، ترجما ن دفتر خارجہ
وزیر اعظم نے کہا کہ 2 مہینے سے زائد عرصے سے کشمیر میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر بند ہے اور ہزاروں افراد کو قید کر لیا گیا ہے جس میں حریت رہنما اور بچے بھی شامل ہیں جس سے ایک شدید انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک لاکھ کشمیریوں کو گزشتہ 30 سال کے دوران قتل کردیا جبکہ ان کا جرم صرف اتنا تھا کہ انہوں نے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد شروع کردی تھی۔
For over 2 months with a complete blackout of communications, thousands imprisoned,including entire spectrum of political leadership plus children, & a growing humanitarian crisis. In IOJK 100k Kashmiris have been killed over 30 yrs fighting for their right to self determination
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 11, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کی آواز ہے جبکہ ہم کشمیر کے پاکستان بن جانے تک دُنیا کو مقبوضہ وادی کی صورتحال پر پیغام دیتے رہیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی قوم چٹان بن کر اُبھری جبکہ وزیر اعظم نے اسلام کا حقیقی تشخص دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر کے پاکستان بن جانے تک دُنیا کو پیغام دیتے رہیں گے۔ معاونِ خصوصی اطلاعات و نشریات