اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے اگست سے سندھ میں سیاسی جلسے کرنے کا فیصلہ کرلیا، جلسے اندرون سندھ میں ہوں گے جن میں بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شامل ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے حوالے سے عید کے بعد ایک اور اجلاس بلالیا، اجلاس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور ساتھ ملانا بھی سندھ پلان کا حصہ ہوگا اس کے علاوہ مبینہ کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق عید کے بعد اجلاس میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل ہوں گے، وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی عید کے بعد ہوں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کا خاندان آزاد عدلیہ کا سامنا کرے،وزیر اعظم نے نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اداکاری کرکے ملک سے فرار ہوئے۔
عمران خان کا آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف نے ایسی اداکاری کی کہ ہماری کابینہ کی خواتین نے رونا شروع کردیا لیکن نواز شریف کو جیسے ہی لندن کی ہوا لگی وہ ٹھیک ہو گئے۔ آج ناصرف نواز شریف بلکہ ان کے بچے بھی ملک سے فرار ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ہم کورونا کے اثرات کم کرنے کیلئے برطانیہ سے بہترین سبق حاصل کرسکتے ہیں۔اسدعمر