اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میرٹ پر مستحقین کی امداد کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ملاقات ہوئی جس کے دوران سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔
احساس پروگرام کی سربراہ و معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کی صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں امداد جاری ہے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئےوزیرِ اعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں عوام کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریبوں کی امداد ہمارا اہم مقصد ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھے اس بات پرخوشی ہے کہ یہ پروگرام شفاف، میرٹ پر مبنی اور بغیر کسی سیاسی وابستگی کے ملک کے دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے عوام کو مؤثر طریقے سے آگاہی فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔