وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بیجنگ میں چینی صدر سے ملاقات کی جس کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی مؤقف کی بین الاقوامی برادری کے سامنے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات، کشمیر سمیت اہم معاملات پر گفتگو
وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل 66 روز سے کرفیو نافذ ہے جبکہ اس دوران بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ پاکستان خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔
بعد ازاں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مذاکرات کا دوسرا دور ہوا جس کے دوران پاک چین معاشی و تجارتی معاہدوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔
مذاکرات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و امان کے امور اور بھارت کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہٹ دھرمی پر بھی گفت و شنید ہوئی جبکہ معاشی و اقتصادی معاہدوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کو بھارت کے 5 اگست کے مقبوضہ جموں و کشمیر سے دشمنی کے اقدامات پر اعتراضات ہیں، مجھے یقین ہے چینی صدر کے دورۂ بھارت میں اس حوالے سے بات ضرور ہوگی جبکہ دورۂ چین سفارتی لحاظ سے کامیاب رہا اور ہم اطمینان کے ساتھ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: چین کو بھارت کے 5 اگست کے مقبوضہ کشمیر دشمن اقدامات پر اعتراضات ہیں۔وزیر خارجہ