اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو انتھونی البانیز، جنہیں البو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو آسٹریلیا کا اگلا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزیراعظم نے کہا کہ لیبر پارٹی کی جیت آسٹریلوی عوام کی جانب سے ان کی قیادت پر کیے گئے اعتماد کی نمائندگی کرتی ہے۔
وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں پوسٹ کیا کہ البوکو آسٹریلیا کے اگلے وزیر اعظم کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ آسٹریلوی لیبر کی جیت آسٹریلوی عوام کی طرف سے آپ کی قیادت پر اعتماد کی نمائندگی کرتی ہے۔ میں پاکستان آسٹریلیا دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں،“۔
واضح رہے کہ 59 سالہ انتھونی البانیز ایک دہائی سے زائد عرصے میں اپنی لیبر پارٹی کی پہلی انتخابی کامیابی کے بعد آسٹریلیا کے اگلے وزیر اعظم بننے کے لیے تیار ہیں۔
موریسن نے شکست تسلیم کر لی:
وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے قومی انتخابات میں شکست تسلیم کر لی۔ موریسن نے سڈنی میں ایک ٹیلیویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا، ”آج رات، میں نے اپوزیشن کے رہنما اور آنے والے وزیر اعظم، انتھونی البانیز سے بات کی ہے، اور میں نے انہیں انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ لبرل پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے دستبردار ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں:پاک چین دوستی کی 71ویں سالگرہ، بلاول بھٹو دورے کیلئے چین پہنچ گئے