اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے ملک میں کھاد کے موجودہ اسٹاک اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام اور مشیر خزانہ شوکت ترین شریک ہوئے۔
کھاد کے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ کھاد کی سپلائی پر نظر رکھنے کے لیے ایک آن لائن پورٹل تیار کیا گیا ہے جس سے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کھاد کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکے گی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے گزشتہ 13 نومبر سے اب تک متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں 347 فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آرز) کا اندراج، 244 گرفتاریاں، 21 ہزار 111 انسپکشنز، 480 گوداموں کو سیل کرنا شامل ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کھاد کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی شکایات موصول کرنے کے لیے ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ کھادوں کی بین الصوبائی سمگلنگ کو روکنے کے لیے چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے متعلق قوانین میں بھی ترمیم کی جا رہی ہے جس کے تحت ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو ضبط شدہ سامان کے تناسب سے انعام دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: القادر یونیورسٹی کے طلبہ عالمی اسکالرز سے تعلیم حاصل کرینگے۔وزیراعظم