اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کے عہدوں پر وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کا بل منظور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ پارلیمان سے منظور شدہ سہولیات میں کمی کا قانون پیش کریں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں ہدایت کی کہ وی آئی پی کلچر کے تحت حکومت کے اخراجات کم کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے تحت مشیرِ خصوصی بابر اعوان نے وزیرِ اعظم اور صدرِ مملکت کے اخراجات کم کرنے کے حوالے سے قانون سازی پر کام کیا۔ بابر اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پارلیمان میں صدر اور وزیرِ اعظم کے اخراجات میں کمی کا بل جلد پیش کریں گے۔
مشیرِ خصوصی برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ تحریکِ انصاف عوام سے کیے گئے کفایت شعاری اور الیکشن منشور میں کیے گئے وعدوں کو ضرور پورا کرے گی۔ بل کے تحت ریاست کے اعلیٰ ترین عہدوں (صدر اور وزیرِ اعظم) کے کیمپ آفسز کی شق ختم کی جائے گی۔
بل کی منظوری کے بعد صدر اور وزیرِ اعظم کے پاس دفتری طور پر صرف ایک رہائش گاہ رکھنے کا اختیار ہوگا جبکہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں ملتان اور لاہور سمیت 5 مقامات کو وزیرِ اعظم ہاؤس قرار دیا گیا تھا۔ ایک سابق وزیرِ اعلیٰ نے لاہور میں 7 مختلف کیمپ آفسز قائم کیے جنہیں وزیرِ اعلیٰ کا آفس مانا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ وفا کرتے ہوئے وزیرِ اعظم ہاؤس کے اخراجات میں 38 فیصد جبکہ عملے کی تعداد میں 68 فیصد کمی کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے وعدے کے مطابق وزیرِ اعظم ہاؤس کے اخراجات اور عملے کی تعداد میں واضح کمی کی۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم ہاؤس کے اخراجات میں 38فیصد، عملے کی تعداد میں 68فیصد کمی