قانون ساز اسمبلی کا تاریخی دن، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

قانون ساز اسمبلی کا تاریخی دن، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا
قانون ساز اسمبلی کا تاریخی دن، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا جس سے قبل قائدِ ایوان منتخب کرنے کیلئے الیکشن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قائدِ ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا۔ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل آج صبح 9 بجے سے شروع ہوچکا ہے جو 11 بجے تک جاری رہے گا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق آج دن 12 بجے کے وقت قائدِ ایوان کے انتخاب کیلئے اہل امیدواروں کی فہرست آویزاں کردی جائے گی۔ قائدِ ایوان بننے کیلئے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمد، اظہر صادق، سردار تنویر اور خواجہ فاروق جیسے بڑے نام میدان میں اترے ہیں۔

قائدِ ایوان کی نشست کیلئے امیدواروں کو آج دن 1 بجے تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ پولنگ دن 2 بجے ہوگی جبکہ تحریکِ انصاف حالیہ انتخابات میں قانون ساز اسمبلی کی سب سے بڑی قوت بن کر سامنے آئی۔

مجموعی طور پر 53 رکنی قانون ساز اسمبلی میں تحریکِ انصاف 32 اراکین کے ساتھ طاقتور پوزیشن میں ہے جو آسانی سے آزاد کشمیر میں اپنا وزیر اعظم لاسکتی ہے۔ قبل ازیں 6 خواتین سمیت نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور پی پی پی کے جاوید اقبال حلف نہیں اٹھا سکے۔آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر غلام قادر نے نو منتخب اراکینِ اسمبلی سے حلف لیا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کے چوہدری انوار الحق اسپیکر منتخب ہوئے۔

تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما چوہدری انوار الحق نے اپوزیشن امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کے 15 ووٹس کے مقابلے میں 32 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ انتخاب میں حصہ لینے والے 49 اراکین میں سے 2 کے ووٹ مسترد ہوئے تھے۔

اسپیکر کے بعد تحریکِ انصاف اپنا ڈپٹی اسپیکر بھی لانے میں کامیاب رہی۔ پی ٹی آئی امیدوار چوہدری ریاض نے اپوزیشن امیدوار نثاراں عباسی کے 15 ووٹس کے مقابلے میں 32 ووٹس کے ساتھ واضح کامیابی حاصل کی اور ڈپٹی اسپیکر بن گئے۔ 

قبل ازیں حکمراں سیاسی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں بھی اپنے نام کر لیں۔

ریاستِ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد قانون ساز اسمبلی میں بھی مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوا جس میں پی ٹی آئی کی 3 جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی 1، 1 خاتون نے میدان مار لیا۔تینوں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ 

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر اسمبلی میں پی ٹی آئی خواتین کی 3 مخصوص نشستوں پر کامیاب

Related Posts