قومی ائیر لائن نے مہلک کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے پیش نظر عارضی طور پر31 مارچ تک قطر کے لیے اپنا فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کی طرف سے یہ فیصلہ قطری حکومت کے پاکستان سمیت دیگر ممالک سے مسافروں کی آمدورفت پر پابندی کے بعد سامنے آیا جس کے بعد کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے فضائی آپریشن معطل کردئیے گئے۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) عبداللہ حفیظ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی آئی اے نے آج سے قطر کے لیے اپنا فضائی آپریشن معطل کردیا ہے جبکہ یہ معطلی 31 مارچ تک جاری رہے گی۔
فضائی آپریشن معطل کرنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز نے مسافروں کے لیے سہولت کا اعلان کیا ہے۔ قطر آنے یا جانے والے مسافروں کو ان کے تمام اخراجات واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے کہا کہ قومی ائیر لائن تمام مسافروں سے فضائی آپریشن معطل کرنے پر معذرت خواہ ہے۔ یہ اقدام کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھایا گیا۔