کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل،نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ایف بی ایریا اور صدر سمیت شہر کے متعدد پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل نایاب ہوگیا۔
اس حوالے سے پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں ملی۔
پیٹرول پمپ مالکان نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معمول میں آنےمیں وقت درکارہوگا، آئل مارکیٹنگ کمپنیزنےریٹ میں اضافے کو جواز بنا کر سپلائی روکی ہوئی تھی۔
کراچی میں پیپلز بس سروس کے ایک اور نئے روٹ کا آغاز آج سے ہوگا
اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ خزانہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔