لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے، وزیر اعظم نے زندگی میں جتنے جھوٹ بولے، وہ آپ کی سوچ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان سچے اور کھرے آدمی ہیں، ہمیں اللہ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا ہے۔
پرویز الٰہی کا اعتماد کا ووٹ لینے سے انکار
بیان میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کہہ رہے تھے کہ موجودہ حکومت ساری چیزیں درست کردے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، یہاں سے ڈالر یہ لے جاتے ہیں اور واپسی اسحاق ڈار کی جانب سے ہوتی ہے۔ عمران خان سچے اور کھرے آدمی ہیں، جہاں غلط ہوتے ہیں کہتا ہوں تو مائنڈ نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے ان ہدایات کو ”غیر قانونی” قرار دے دیا۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کے لیے جو خط لکھا ہے میں اسے قبول نہیں کرتا۔ اگر میں اعتماد کا ووٹ لیتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ میں خط کو قبول کر رہا ہوں۔