وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ میں اور مولانا فضل الرحمان دونوں پٹھان ہیں جن کے مسائل جرگوں میں حل ہوتے ہیں، جرگے میں ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن مذاکرات کے لیے ہم نے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹوزرداری کاآزادی مارچ میں مولانافضل الرحمان کاساتھ دینےکااعلان
وزیر دفاع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، نہ وہ اسلام آباد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ جب مسئلہ کوئی نہیں ہے تو حکومت چھوڑنے کی بات کیوں کی جارہی ہے، جبکہ یہ ناممکن ہے۔سخت بیانات ہمارا مسئلہ نہیں ہیں کیونکہ سیاست میں مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ مولانا کے جو تحفظات ہیں، ہمیں بتائیں، ان پر کام کیا جائے گا۔ امید کرتا ہوں میری بات کو رد نہیں کیا جائے گا۔ میں اپنے طور پر اپوزیشن جماعتوں سے بالواسطہ رابطے کر رہا ہوں تاکہ مسائل کا حل نکالا جائے اور فضل الرحمان سمیت ہر کسی کے تحفظات دور کیے جائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نےحکومتی کمیٹی سے مذاکرات کا امکان مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے استعفے سے پہلے حکومت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم نے10ماہ میں جعلی الیکشن کے نتائج دیکھ لیے ہیں، 400ادارے بیچے جا رہے ہیں ، عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ نئے انتخابات کرائے جائیں جن کے نتائج قبول کریں گے۔
مزید پڑھیں: مولانافضل الرحمان نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کاامکان مستردکردیا