اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹا سب مہنگا کردیا، تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پولیس نے مظاہرین پرشیلنگ کی، پولیس کوخوف تھا نوکری نہ چلی جائے، شیلنگ کا آرڈر اوپر سے دیا گیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی۔ ہم پربھی آئی ایم ایف کا پریشرتھا لیکن اڑھائی سال مہنگائی روکی۔ ہمارے احتجاج میں فیملیز شریک ہوتی ہیں، بچے بھی آتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں خدا کے واسطے پیسے دے دو، آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں جتنی مہنگائی بولو گے ہم کریں گے۔
اکنامک سروے کے مطابق 17سال میں بہترین کارکردگی ہماری تھی، اکنامک سروے موجودہ حکومت نے جاری کیا، ریکارڈ ٹیکس وصولی اورریکارڈ برآمدات ہمارے دورمیں تھیں۔ ترقی کی شرح6فیصد پر تھی، صنعتیں ترقی کررہی تھیں۔
عمران خان نے کہا کہ ڈیزل آج کل باہر گیا ہوا ہے، مشکل وقت آنے پرڈیزل عمرہ کرنے چلا جاتا ہے۔ عوام ہمارے لیے نہیں اپنے مستقبل کیلئے نکلیں، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کرو، سر نہ جھکاؤ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کرپٹ ترین لوگوں نے اپنے کیسز ختم کیے۔ کوئی چور اپنا احتساب نہیں کرسکتا، نیب قانون میں ترمیم کرکے1100ارب کے کیسز ختم کیے گئے، غداروں نے امریکا سے مل کر منتخب حکومت کو سازش سے ختم کیا۔آج کل بیرونی طاقتوں سے حملہ کروانے کی ضرورت نہیں، ملک پر چوروں اور ڈاکوں کو مسلط کریں ملک تباہ ہو جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، ہم نے اپنے دورمیں 55 لاکھ نوکریاں دیں، امریکا ہمارے بھلے کیلئے نہیں اپنی غلامی کیلئے چوروں کو لایا۔ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹا سب مہنگا کردیا، تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی، چوروں نے لوگوں پرمہنگائی کاعذاب ڈال دیا۔
مزید پڑھیں:اداروں پر تنقید کرکے عمران خان کامیاب نہیں ہو سکتے، بلاول بھٹو