اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے تمام صوبوں میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق تمام صوبوں میں احتجاج کے بعد لانگ مارچ کیا جائے گا۔
اجلاس میں مشاورت کے بعد پی ڈی ایم نے اگلے ماہ دسمبر میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل چاروں صوبوں میں مہنگائی کے خلاف ’مہنگائی مارچ‘ ہوں گے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کا ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف احتجاج کی عملی پر غور کے لیے اجلاس ہوا، حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اجلاس کی سربراہی میں ہوا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز، محمود اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیرپاؤ شریک ہوئے۔
اجلاس میں دس نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی پر غور ہوا، پڑولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہے ورنہ خسارہ بڑھ جائے گا۔خطاب کے ایک روز کے بعد پٹرول فی لٹر کی قیمت میں 8 روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی،عثمان بزدار