اسلام آباد: چیئرمین دفاعِ پاکستان کونسل مولانا حامد الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت شہید سیاسی رہنما مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (پاکستان) کے امیر مولانا حامد الحق نے مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعد 2 برس پورے ہونے پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیا۔
چیئرمین دفاعِ پاکستان کونسل نے گزشتہ روز خطاب کے دوران کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت 2 سال گزرنے کے باوجود مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی جبکہ جید علمائے کرام پر قاتلانہ حملے افسوسناک ہیں۔
انہوں نے کراچی کے معروف عالمِ دین مولانا عادل خان کی شہادت اور پشاور میں مدرسے پر حملے کی بھی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت تمام علمائے کرام اور دینی مدارس کے طلباء کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کو قانون کے شکنجے میں لائے۔
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مولانا حامد الحق نے کہا کہ حکومت ایسے معاملات پر بر وقت اقدامات اٹھائے اور عالمی فورمز پر قانون سازی پر بھرپور توجہ دے۔ جب تک حکومت ایسے اقدامات نہیں کرتی، عوام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا صورتحال، وزیرِ اعظم نے این سی سی اجلاس آج طلب کر لیا