قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردعمل آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ نسیم شاہ کی انجری پر نظر رکھے ہوئے ہے، نسیم شاہ کی دیکھ بھال کے لیے طبی ماہرین سے رابطے میں ہیں۔پی سی بی نے کہا کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کیا جائیگا۔
اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ایشیاکپ کے دوران بھارت کے خلاف فاسٹ بولر میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کا اہم میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی اس حوالے سے ایک بیان دیا تھا کہ امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈکپ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے اور ٹیم میں واپس آجائیں گے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر نسیم شاہ کی کندھے کی انجری اس سے زیادہ سنگین ہے جیسی ابتدائی طور پر سمجھی جا رہی تھی۔
رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کندھے کی انجری کے باعث نسیم شاہ پورے ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔
مزید پڑھیں:ایشیا کپ، بابراعظم کی کپتانی پر شاہد آفریدی نے سوال اٹھادیا
انجری کے باعث نسیم شاہ کی ناصرف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بلکہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے۔