پاکستان کی پہلی ہاتھ سے بنائی گئی اینیمیٹڈ فلم نے بازی مار لی، دی گلاس ورکر 2025 کے آسکر مقابلے کیلئے منتخب کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دی گلاس ورکر کو آسکر مقابلہ 2025 کیلئے ملک کی سرکاری نامزدگی کے طور پر منتخب کرلیا گیا۔ عالمی فلم فیچر کیٹگری میں 97ویں آسکر ایوارڈز کیلئے اس فلم کو مقابلے کیلئے منتخب کرلیا گیا۔
عثمان ریاض کی ہدایت کاری میں بنائی گئی دی گلاس ورکر اپنی کہانی، کرداروں کی تخلیقی جہت اور خوبصورت اینیمیشن کے اعتبار سے عوام کی بڑی تعداد کی پسند بن گئی ہے، فلم کو سرکاری طور پر بھی منتخب کرلیا گیا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں معروف ہدایت کار عثمان ریاض نے یہ خبر شیئر کرتے ہوئے خوشی اور ممنونیت کا اظہار کیا۔ پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے بیان جاری کردیا۔
اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ فلمسازوں نے بہت زبردست کام کیا ہے اور کہانی کے بیانیہ انداز اور فنکارانہ ندرت سمیت ملک میں اینیمیشن کے نئے دور کا آغاز کردیا ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی سینما کی تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔
دوسری جانب دی گلاس ورکر کو پاکستان کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کیا جارہا ہے جو پاکستان کی طرف سے پہلی ہاتھ سے بنائی گئی اینیمیٹڈ فلم ہے۔ دی گلاس ورکر کی کہانی شیشے کا کام کرنے والے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جس میں محبت کا بھی بہت عمل دخل ہے۔