پاکستان کی سیاست بدل گئی، اب ووٹ چوروں کا تماشہ دنیا دیکھے گی، مریم نواز

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسکردو: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے اور بدلنی بھی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو پہنچ گئیں، گمبہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو حکومت دباؤ برداشت نہ کرسکے، وہ عوام کیلئے کھڑی نہیں ہوسکتی۔

گمبہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے جو بدلنی بھی چاہئے تھی اور جو شخص پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے وہ ووٹ کا حقدار نہیں ہے۔ عوام وعدہ کریں کہ پارٹی چھوڑنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ عمران خان نے عوام سے وعدے پورے نہیں کیے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کیا کسی ایک شخص کو بھی نوکری ملی یا گھر ملا؟ حکومت نے آٹے اور چینی کے پیسے اپنی جیب میں ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم جعلی حکمران ہی سہی، حکمران تو ہو؟جعلی وزیرِاعظم صوبہ گلگت بلتستان کا اعلان کرکے چلے گئے۔

سابق وزیرِ اعظم کی تعریف کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام جانتے ہیں نواز شریف وعدہ نبھانے والا شخص ہے جبکہ گلگت بلتستان پر جب میٹنگ ہو رہی تھی، وزیرِ اعظم ساتھ والے کمرے میں بیٹھے تھے۔ جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، ووٹ کا حق صرف ان کا ہے۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے وعدے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کے نمائندے مار کھا لیتے ہیں لیکن قوم کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، حکومت جارہی ہے جسے آخری دھکا گلگت بلتستان کے عوام لگائیں گے۔ جو پارٹی چھوڑ جائیں، دباؤ میں آجائیں، ان کا گھیراؤ کرنا، ووٹ مت دینا۔

سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ منہ پر ہاتھ پھیرنے والا جاتا ہوا نظر آرہا ہے۔ عوام کے نمائندے جیل بھی جاتے ہیں اور سیاسی انتقام کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔ ہم پاک فوج کی دل سے قدر کرتے ہیں، فوج کی جگہ پولنگ اسٹیشنز میں نہیں، سرحدوں پر اور ہمارے دلوں میں ہے۔ ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ لوگ نواز شریف کی تقریر سے ڈرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تم مجبور ہو کیونکہ تم نوکری کر رہے ہو۔ ووٹوں کی جو چوری ہونی تھی، ہو گئی، اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ جعلی حکمرانوں کو ان کے گھر تک پہنچائیں گے جبکہ حکومت بنانے کا اختیار عوام کو ہے، کسی ادارے کو نہیں۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے ڈاکے کے بعد ان کی نظر گلگت بلتستان انتخابات پر ہے۔ حکومت عوام کے ووٹ سے آئے گی اور عوام کے ووٹ سے ہی جائے گی۔ اگر اب بھی ووٹ چوری کیا گیا تو آپ کا تماشا پوری دُنیا دیکھے گی۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کراچی سے لینا جانتی ہے، دینا نہیں جانتی، حافظ نعیم الرحمن

Related Posts