پاک فضائیہ کے سربراہ کی سری لنکا کو ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

 پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سرکاری دورہ پر سری لنکا پہنچے جہاں انہوں نے سارک کے رکن ملک کو ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی۔ 

ائیر چیف نے سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجاپکسا سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ سری لنکن وزیر اعظم نے سری لنکا کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

ملاقات کے دوران سری لنکن وزیر اعظم نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے تکنیکی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے شعبوں میں مکمل مدد اورتعاون کا یقین دلایا۔

فضائیہ کے ربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے دونوں ممالک میں بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا بھی اعادہ کیا۔

قبل ازیں، ائیر چیف نے سری لنکن فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ایئر چیف کی آمد پر سری لنکن فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

انہوں نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ائیر مارشل سُمنگلا دیاس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اپنے ہم منصب کو ائیر چیف نے ایوی ایشن کے مختلف شعبوں میں تربیت اور مکمل تعاون کی پیشکش کی۔سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر نے  مخلصانہ پیشکش پر شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعاون کی  نئی جہتیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔