پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ، شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد :وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ دہشت گردی کے اپنے ہمیشہ دہرائے جانے والے گھسے پٹے الزامات سے دنیا کومزیدگمراہ نہیں سکتا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔

ہفتہ کو کشمیریوں کی حمایت میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ 72 سال قبل آج کے دن عالمی قانون اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی افواج سری نگر پرقبضے اور جموں وکشمیر کے معصوم وبے گناہ عوام پر جبر واستبداد کی سیاہ رات مسلط کرنے کے لئے اتری تھیں۔

مزید پڑھیں : 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کاایک سیاہ ترین دن ہے،صدر مملکت عارف علوی

5 اگست کو بھارت نے اس ظلم کو جاری رکھتے ہوئے اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آزادی کی تڑپ اور امیدپر ڈاکہ مارنے کی ایک اورکوشش کی، ان کی آزادی و خود مختاری کے حق کو جعلی، غیرقانونی اور دھوکہ دہی کے ہتھکنڈوں سے چھیننے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے غاصبانہ اقدامات کئے۔ انہوں نے کہاکہ تقریبا تین ماہ ہونے کو آئے ہیں کہ کشمیری اپنے گھروں میں قیدی اور اپنی ہی سرزمین پر اجنبی بنادئیے گئے ہیں، اپنی ہی شاہراہوں اورراستوں پر انہیں آنے جانے کی اجازت نہیں۔

بھارت کے زیرقبضہ پورے کشمیر کو عملا ایک جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے جھوٹ گھڑنے کے ماہرین کے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود دنیا نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس ظالمانہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔ بھارت کے دوست اور دشمن اس سے تقاضا کررہے ہیں، تنقید وملامت اوراس کی مذمت کررہے ہیں۔ پورا عالمی میڈیا مقبوضہ جموں وکشمیر میں درپیش صورتحال سامنے لاکر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کررہا ہے کہ اس کی جمہوریت جعلی اورمساوی کثیرالشراکتی نظام کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کا 83 واں روز، نظامِ زندگی بدستور مفلوج

بھارت کو یاد رکھنا چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے اپنے ہمیشہ دہرائے جانے والے گھسے پٹے الزامات سے دنیا کومزیدگمراہ نہیں سکتا اور اس طرح کے عالمی سطح پر مسترد ہونے والے اس کے واویلا سے اس کے جرائم چھپ نہیں سکتے کہ اس کے ہاتھ معصوم اور بے گناہ لوگوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔ ہم کشمیریوں کے عظیم جذبے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے بھارت کے بہیمانہ اور انسانیت سوز مظالم، جبروتشدد اور عالمی برادری کی انہیں انصاف دلانے میں بے عملی کے باوجود جس عظیم صبرواستقلال کامظاہرہ کیا ہے وہ دنیا میں ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم نہ صرف ان کی تاریخی جرات وبہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ اس یوم سیاہ کو مناتے ہوئے اس پختہ عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں ان کا حق خودارادایت مل نہیں جاتا۔