پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آغاز مارچ میں ہونے والا ہے جس کی ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا آفیشل اکاؤنٹ سماجی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر بہت جلد بنانے والا ہے، جہاں پر شائقین کرکٹ کے لئے کرکٹ سے متعلق مواد ڈالا جائے گا۔
پی سی بی نے کہا کہ ٹک ٹاک پاکستان بمقابلہ ٹیسٹ سیریز کا آفیشل اسپانسر بھی ہوگا۔ ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے ٹک ٹاک کرکٹ مداحوں کو اپنی ایپ پر خصوصی کرکٹ ویڈیوز بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ذریعے پی سی بی اور ٹک ٹاک کے درمیان ایک بہترین رشتہ قائم ہوچکا ہے۔اس حوالے سے آسٹریلیا کے چوبیس سال بعد دورہ پاکستان میں شامل ٹیسٹ سیریز کی آفیشل اسپانسرشپ حاصل کرنے پر ٹک ٹاک کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریزکا آغاز چار مارچ کو راولپنڈی سے ہوگا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ تک راولپنڈی، دوسرا بارہ سے سولہ مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ اکیس سے پچیس مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا تاہم ٹیسٹ میچ کے ٹکٹوں میں جنرل 100 روپے کا، فرسٹ کلاس 200 روپے کا، پریمیم 350 روپے کا اور وی آئی پی 500 روپے کا ہوگا جو کہ بک می کی آفیشل ویب سائٹ اور ایم اینڈ پی کوریئر سے خریدا جاسکتا ہے۔
علاوہ ازیں سیریز دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ہمراہ شناختی کارڈ اور ویکسینیشن کارڈ ضرور لے کر آئیں۔