اسلام آباد: پاکستان کے اقوام متحدہ کے حقوق اطفال کے کنونشن میں شمولیت کے تیس برس مکمل ہوگئے اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے بچوں کی آواز بنے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے تیس برس قبل آج ہی کے روز اقوام متحدہ کے کنوینشن براے حقوق اطفال کو اختیار کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر بچے کے پرورش، تربیت،کھیل کود اور عزت سے بڑے ہونے کے حق کی تجدید کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بچوں کی ترقی کو یقینی بنانے، آگے بڑھنے کے یکسان مواقع کی فراہمی اور استحصال کے خاتمہ کیلئے متعدد محکمانہ و قانونی اقدامات کیے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ میں پیش قدمی ہمارے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ آج کے روز ہمیں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بچوں کی تکالیف و مشکلات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بچے بھارتی مظالم، ظلم و ستم کا وزن برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر،ماہرین اور بین الاقوامی سول سوسائٹی نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی نہتے اطفال کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو تفصیلی رقم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوری 1989ء سے 894بچے شہید، ایک لاکھ 7ہزار 780 یتیم ہوچکے ہیں