کراچی:ملک بھر میں جاری کورونا وائرس کی دوسری لہراور سیاسی گرما گرمی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر اُتار چڑھاؤ کے بعد 13.53 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
ملک بھر میں سیاسی پارہ ہائی ہونے کے بعد ملک بھر میں سرمایہ کار پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ لگانے سے گریزکررہے ہیں، سرمایہ اس انتظار میں ہیں کہ سیاسی صورتحال بہتر اور کورونا وائرس کا زور ٹوٹے۔
رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز (منگل)کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں منفی رحجان سے آغاز ہوا، دوپہر 12 بجے تک انڈیکس میں مندی غالب رہی، ایک موقع پر انڈیکس 42 ہزار کی نفسیاتی حد سے محروم ہو گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 13.53 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42101.78 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.03 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 19 کروڑ 47 لاکھ 2 ہزار 194 شیئرز کا لین دین کیا گیا۔