کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی اورکے ایس ای100 انڈیکس 75.79 پوائنٹس کی کمی سے40068.50پوائنٹس کی سطح پر آ گیاجبکہ 45.85فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔
جس کے سبب سرمایہ کاروں کو5ارب 18 کروڑ10لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت9کروڑ19لاکھ86ہزار شیئرز زائد رہا۔
گذشتہ روز ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں تیزی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس 40533 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت مخالف تحریک شروع ہونے کے تناظر میں سیاسی عدم استحکام کے خدشات کے پیش نظر فروخت کا دباوٗ بڑھ گیا جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے39999پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
لیکن بعد میں ریکوری آنے سے 40ہزار کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای100انڈیکس 75.79پوائنٹس کی کمی سے 40068.50پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 72.21پوائنٹس کی کمی سے16870.98پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16.64پوائنٹس کی کمی سے 28457.25پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر434کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے199کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 216میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آ نے کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم74کھرب93ارب37کروڑ61لاکھ روپے سے گھٹ کر74کھرب88ارب19کروڑ51لاکھ روپے ہوگیا۔