کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو مندی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حدسے گرتے ہوئے40564.56پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
حصص فروخت کے دباؤ کے باعث77 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کوایک کھرب10ارب52کروڑ13لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت34.39فیصد کم رہا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات کے دوران انڈیکس 41197پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں شیئرز فروخت کا دباوٗ بڑھنے کے باعث منفی رجحان بڑھ گیا جس کی وجہ سے41ہزار کی نفسیاتی حد گرگئی۔
ایک موقع پر انڈیکس 40492پوائنٹس کی کم ترین سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری آئی اور مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن مندی غالب رہی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 632.76پوائنٹس کی کمی سے 40564.56پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح 306پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 17061.33پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس415.95پوائنٹس کی کمی سے28448.21پوائنٹس پر آگیا۔
گذشتہ روز مجموعی طور پر 400کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے80کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 308میں کمی اور 12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب74ارب 60کروڑ65لاکھ روپے سے گھٹ کر74کھرب64ارب8کروڑ52لاکھ روپے ہو گیا۔