اسلام آباد: پاکستان نے زلزلے میں سیکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے افغانستان کی طالبان حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان کے مغربی علاقوں میں آنے والے ہولناک زلزلے پر بے حد رنجیدہ ہیں۔
افغانستان میں بد ترین زلزلے سے 2000افراد جاں بحق، سیکڑوں زخمی
بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ خوفناک زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔ پاکستان اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہم زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افغان شہریوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے افغان بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل افغانستان میں بد ترین زلزلے کے نتیجے میں 2000 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 2500سے بھی تجاوز کر گئی۔
افغانستان کے صوبہ ہرات میں آج سے 2 روز قبل ہفتے کوآنے والے زلزلے نے تباہی مچا دی جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 تھی۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں انفراسٹرکچر اور گھر تباہ ہو گئے۔