شارجہ: متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے والے ایک پاکستانی نوجوان نے مصری خاتون کاسڑک پر گرنے والاہینڈ بیگ واپس کرکے ملک وقوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق دس برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستان کے 35 سالہ شہری منظر عباس نے اپنی ایمانداری اور مہربانی کے سادہ عمل کی بدولت ایک مصری خاندان کو شدید پریشانی سے بچا کر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
منظر عباس فوڈ ڈیلیوری رائیڈر ہیں، کمپنی میں بطور ڈرائیور کام کرتے ہیں جو گزشتہ ہفتے شارجہ یونیورسٹی سٹی میں کھانے کا آرڈر دینے کے لیے جا رہے تھے، تو انھیں شارجہ کی امریکن یونیورسٹی جانے والی سڑک کے فٹ پاتھ پر ایک لیڈیز ہینڈ بیگ پڑا نظر آیا۔
جب انھوں نے لاوارث ہینڈ بیگ اٹھا کر دیکھا تو اس میں نقد رقم کے علاوہ 20 ہزار درہم کا ایک چیک، شناختی کارڈ، اور اہم کاغذات موجود تھے۔کاغذات پر سے موبائل نمبر نوٹ کر کے منظر عباس نے کالیں شروع کر دیں۔
دس بارہ کالیں کرکے بھی کوئی جواب نہیں آیا، پھر انھوں نے واٹس ایپ پیغام بھیج دیا کہ آپ کا بیگ مجھے ملا ہے، معلوم ہوا کہ بیگ ہدا عبدالوہاب نامی مصری خاتون کا تھا، جو بیگ کے کھونے سے اتنی پریشان تھیں کہ موبائل پر آنے والی کالز کا بھی جواب نہیں دے رہی تھیں، جو اسی بیگ سے متعلق تھیں۔
مزید پڑھیں:سہولیات کی عدم فراہمی، دلہا دلہن نے شادی کا مزہ کرکرا کرنے پرہوٹل پر کیس کردیا