ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں مالیاتی استحکام اور پبلک فنانشل مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے 800 ملین ڈالر کے پروگرام کی منظوری دی ہے۔ اس میں 300 ملین ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض اور 500 ملین ڈالر کی پالیسی پر مبنی ضمانت شامل ہے، جس کے ذریعے کمرشل بینکوں سے ایک ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق یہ پروگرام ٹیکس نظام، سرکاری اخراجات اور مالی نظم و ضبط میں بہتری، ڈیجیٹلائزیشن، نجی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ اس کا مقصد مالی خسارے اور قرضوں میں کمی لانا اور ترقیاتی اخراجات کے لیے گنجائش پیدا کرنا ہے۔
اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پائیدار ترقی اور مضبوط مالی نظام کی بنیاد رکھے گا۔ مشیر خزانہ خرم شہزاد نے اس منظوری کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا۔