ایڈیلیڈ: پاکستان بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے 41ویں میچ میں 5 وکٹس سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 127 رنز بنائے۔ 128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی کرکٹ ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 128رنز کا ہدف دے دیا
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 57 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ بابر اعظم 33 گیندوں پر 25 رنز بنا کر نسوم احمد کی گیند پر مستفیض الرحمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان بنگلہ دیش کے ہاتھوں پویلین لوٹنے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 32گیندوں پر 32رنز بنا کر عبادت حسین کی گیند پر نجم الحسین شانٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
محمد نواز 92 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹنے والے پاکستان کے تیسرے کھلاڑی تھے جو 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر لٹن داس کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد حارث نے قومی کرکٹ ٹیم کو 18 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر طاقتور سہارا فراہم کیا جو 121 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کی گیند پر نسوم احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد بنگلہ دیش کے خلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 3 گیندوں پر 1رن بنا کر 126 کے مجموعی اسکور پر مستفیض الرحمان کی گیند پر نجم الحسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کا دیا گیا 128 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پہلی گیند پر پورا کر لیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ بھارت کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آگیا۔
پاکستان نے چھٹی بار سیمی فائنل میں جگہ بنا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم 6 بار سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔