اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری نام نہاد سرچ آپریشنز اور جعلی مقابلوں کے دوران 30 کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے واقعات پر بھرپور احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور سرچ آپریشنز کے نام پر 30 کشمیریوں کو جنگجو اور دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا۔ دفترِخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے۔
مقبوضہ وادی میں 4 مظلوم کشمیری قتل، ورثاء سراپا احتجاج
جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔ شاہ محمود قریشی
ترجمان دفترِ خارجہ کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے کئی واقعات میں شہید مظلوم کشمیریوں کی میتیں ورثاء کے حوالے نہیں کیں جبکہ حالیہ واقعے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیری شہید ہوئے جن کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی۔
گزشتہ روز بھی دفترِخارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 4 مظلوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی بھرپور مذمت کی جن کے ورثاء سراپا احتجاج رہے۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ وحشیانہ پابندیوں سے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد دبائی نہیں جاسکتی۔
بدھ کے روز اپنے بیان میں دفترِ خارجہ نے کہا کہ یکم اکتوبر سے اب تک 25 کشمیری شہید ہوئے، ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی گرفتاری اور ہراساں کرنا معمول بن گیا۔ بھارت کا وحشیانہ ظلم و ستم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جدوجہدِ آزادی سے باز نہیں رکھ سکتا۔