پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نیوزی لینڈ کے بورڈ کی جانب سے سیریز یکطرفہ طور پر منسوخ کیے جانے کے بعد ری شیڈول کرنے کی پیشکش سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے سیریز ری شیڈول کرنے پر دوبارہ بات چیت کرتے ہوئے سیریز منسوخی کے اپنے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ دونوں بورڈز نے سیریز کیلئے نئی جگہ تلاش کرنے پر بھی غور کیا۔
دونوں بورڈز کے مابین باہمی رابطے کے دوران موجودہ ونڈوز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کے ممکن نہ ہونے پر اتفاقِ رائے سامنے آیا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور آسٹریلیا سے بھی سیریز کھیلنی ہے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ ہفتے کے دوران کرکٹ کے شائقین کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ہوم کرکٹ سیریز ری شیڈول ہونے کے متعلق خوش خبری سننے کو ملے گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل یہ خبر سامنے آئی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے بعد پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں پاکستان کاجم کر مقابلہ کریں گے۔
گزشتہ روز ہیڈ کوچ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم گیری اسٹیڈ نے پاکستان سے مقابلے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے میچ کی کوئی پریشانی نہیں تاہم پاکستان میں کرکٹ کی منسوخی افسوسناک رہی جسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ کرینگے۔نیوزی لینڈ