ورلڈ کپ کے میچز جاری ہیں۔ نیوزی لینڈ کی شکست سے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں آسانی ہوتی نظر آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچز جاری ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی پوزیشن کمزور ہوئی جبکہ ورلڈ کپ میں کم و بیش تمام ٹیمیں نصف سے زائد میچز کھیل کر پوائنٹس حاصل کرچکی ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کی پوزیشن سب سے مضبوط نظر آتی ہے جس کا آج انگلینڈ کے خلاف میچ جاری ہے۔ جنوبی افریقہ نے بھی پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کررکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کی سیمی فائنل تک رسائی آسان ہوگی۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست
دوسری جانب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو آئندہ مرحلے میں کامیاب ہو کر سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے بقیہ میچز میں محنت کرنا ہوگی۔ پاکستان اور سری لنکا نے پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر قبضہ کر رکھا ہے جو کسی بھی وقت پانچویں پوزیشن پر براجمان ہوسکتے ہیں۔
دونوں ٹیموں نے 4، 4 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں اور ورلڈ کپ میں کسی بھی اپ سیٹ کی صورت میں دونوں ٹیموں کیلئے سیمی فائنل تک رسائی آسان ہوسکتی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اپنے تینوں میچز جیتنے لازمی ہیں۔
ایک بھی میچ میں شکست کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوسکتی ہے۔ پاکستان اپنے آئندہ میچز بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ نیوزی لینڈ کو اپنے بقیہ 3 میں سے 1 میچ بھی جیتے تو رن ریٹ کی بنیاد پر آئندہ مرحلے میں پہنچ جائے گا۔
اگر نیوزی لینڈ پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف میچز میں شکست کھا گیا تو پاکستان کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے تاہم قومی ٹیم کی موجودہ ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ سیمی فائنل تک رسائی کے بعد بھی ٹیم کو قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہوگی۔