اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 21-2020ء کے 7 ماہ کے دوران افغانستان کو پاکستان کی مختلف النوع سامان و خدمات کی برآمدات میں 14 اعشاریہ 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی سے جنوری کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 543 اعشاریہ 650 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران کی گئی برآمدات کے مقابلے میں کم ہیں۔
گزشتہ مالی سال 20-2019ء کے دوران افغانستان کو 633 اعشاریہ 121ملین ڈالرز کی برآمدات کے مقابلے میں رواں مالی سال کی برآمدات 543ا عشاریہ 650 ملین ڈالر 14 اعشاریہ 13 فیصد کم ہیں۔
جنوری 2021ء کے دوران افغانستان کو برآمدات میں 3 اعشاریہ 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ برس کے 89 اعشاریہ 963 ملین ڈالر کے مقابلے میں برآمدات کا حجم 93 اعشاریہ 341 ملین ڈالر رہا۔
دسمبر 2020ء میں افغانستان کو کی گئی 82 اعشاریہ 195 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں جنوری 2021ء میں 13.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران 3 اعشاریہ 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان نے دیگر ممالک کو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 14 اعشاریہ 445 ارب ڈالر برآمدات کیں جو رواں برس کم ہو کر 13 اعشاریہ 896 ارب رہ گئیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات میں 8 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برآمدات کا حجم 8 ارب 76 کروڑ ڈالر ہوگیا۔
ادارہ برائے شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے جنوری تک ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات میں ویلیو ایڈڈ سیکٹر سے اضافہ ہوا۔ جنوری میں شعبے کی برآمدات 10.79 فیصد شرحِ نمو کے ساتھ 1 ارب 32 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
مزید پڑھیں: رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 8 فیصد تک اضافہ