راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے آج غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل مختلف نوعیت کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق غزنوی بیلسٹک میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والا اہم میزائل ہے جو 290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غزنوی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کامیاب رہا۔ تجربے کا مقصد دن اور رات کے وقت آپریشنل تیاریوں کو جانچنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ میزائل فائرنگ کے کامیاب تجربات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی شر انگیزی کا مؤثر جواب دے سکتے ہیں۔
پاک بحریہ چیف کی سربراہی میں27 دسمبر کو بحری فوج نے بحیرۂ عرب کے شمالی حصے اور مکران میں واقع مخصوص ساحلی علاقے پر دفاعی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے میزائلز فائر کیے۔
مزید پڑھیں: بحیرہ عرب میں مختلف میزائلز فائر کرنے کا کامیاب مظاہرہ