اسلام آباد: ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گندم کی درآمد جاری ہے، 57 ہزار میٹرک ٹن کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کو گندم کی لینڈڈ کاسٹ کی مد میں فی من قیمت 1 ہزار 880 روپے ادا کرنی پڑی، ہر 40 کلوگرام پر 250 سے 300 روپے ذرائع آمدورفت اور ہینڈلنگ کی مد میں خرچ ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں: کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران 90 فیصد اضافہ
ٹی سی پی (ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان) کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) اور صوبوں کیلئے گندم درآمد کی ہے۔
پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ گندم کا دوسرا جہاز 53 ہزار 912 ٹن گندم کے ساتھ 14 اگست کے روز پاکستان پہنچ جائے گا۔ رواں مالی سال حکومت 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا چاہتی ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران پی ٹی آئی حکومت نے 36 لاکھ 12 ہزار638 ٹن گندم درآمد کی۔ رواں برس گندم کی پیداوار 2کروڑ 72لاکھ 73ہزار ٹن تھی جبکہ کھپت کا تخمینہ 2کروڑ 93لاکھ ٹن لگایا گیا۔
رواں مالی سال 22-2021ء کیلئے وفاقی حکومت کے تخمینے کے مطابق کم از کم 20 سے 21 لاکھ ٹن گندم کے شارٹ فال کا خدشہ ہے جس کیلئے حکومت کو گندم درآمد کرنی پڑ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف پی سی سی آئی2022کے انتخابات میں یو بی جی کامیاب ہوگا، ایس ایم منیر