اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بدھ کو ورچوئل ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سٹیٹ کونسلر وانگ یی نے وزیر خارجہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے اقدامات کو سراہا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، آزادی اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پر اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں نئی رفتار پیدا کرنے اور عملی تعاون کی نئی راہیں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت کاری، سماجی و اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے سی پیک کے تبدیلی کے اثرات کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کلیدی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور پاکستان میں صنعتی منتقلی کو تیز کرنے کا منتظر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں فلسطینی خاتون صحافی کے قتل کی شدید مذمت