پاک سری لنکاسیریز:دوسرے ون ڈے میں پاکستان کاسری لنکا کو 306رنز کا ہدف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاک سری لنکاسیریز:دوسرے ون ڈے میں پاکستان کاسری لنکا کو 306 رنز کا ہدف
پاکستان نے سری لنکا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولتفتح کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے سری لنکا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت فتح کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔

 نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے، بابر اعظم نے شاندار 115 رنز کی اننگز کھیلی اور فخر زمان 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 73رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ تیزی سے رنز اسکور نہ کر سکے، امام 33رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان بھی مزاحمت کرتے نظر آئے اور ٹیم کی سنچری اور اپنی نصف سنچری کی تکمیل کے بعد ہسارنگا ڈی سلوا کی دوسری وکٹ بن گئے، انہوں نے 65 گیندوں پر 54رنز کی اننگز کھیلی۔

بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔  

کپتان سرفراز احمد کو 8 رنز پر سری لنکن کپتان تھریمانے نے رن آؤٹ کیا، آل راؤنڈر عماد وسیم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 32 اور وہاب ریاض 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کمارا اور ادانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، وہاب ریاض، شاداب خان اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کپتان لہرو تھری مانے، دنوشکا گناتھیکالا، اوشادا فرنینڈو، سدیراسمارا وکراما، شیہان ھؤ جے سوریا، دسون شناکا، ونندو ہسارنگا، اینجیلو پریرا، مِنود بھنوسکا، اسورو اڈانا، نوان پریدپ، کسون رجیتھا، لہرو کمارا، لاکشن سنڈکن پر مشتمل ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی تھی۔

10سال کے طویل عرصے کے بعد شہر قائد کا نیشنل اسٹیڈیم عالمی ایک روزہ میچ کی میزبانی کر رہا ہے۔

پاکستان اورسری لنکا کےدرمیان سیریز کا تیسرا اورآخری میچ 2اکتوبر کوکراچی نیشنل سٹیڈیم میں ہی کھیلاجائے گا۔

Related Posts