جدہ: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی ہے جس کے دوران تجارت سمیت دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا اسٹرکچر، سیاحت اور افرادی قوت سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر گہرے اور پائیدار ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، مختلف شعبہ جات میں متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم عمران خان کا سعودی عرب میں گزشتہ روز پرتپاک استقبال کیا۔ تین روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوگی۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم کی قیادت میں وفود کی سطح پر مذاکرات، متعدد معاہدوں پر دستخط