ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے پر دنیا اور پاکستان ایک پیج پر ہیں کہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، افغانستان کی قیادت کی آزمائش کے لمحات ہیں۔
عاشورہ کے بعد میں وزیر اعظم کی اجازت سے افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک سے رابطہ کروں گا،ہمیں افغانستان کی بہتری مقصود ہے، ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں، ہمارا ایجنڈا امن و استحکام اور افغانستان کی یکجہتی و خوشحالی ہے، موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار مثبت رہے گا۔
ہمارا افغانستان میں کئی فیورٹ نہیں،افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے کرنا ہے،بھارت الجھانے کی کوشش نہ کرے،عناصر محرم الحرام میں امن خراب کرنے کے کوشش کرسکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ و پولیس مکمل چوکس ہوکر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کرائے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بارہا یہ کہتا آیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی عسکری حل نہیں ہے اور پاکستان کے اس موقف کو دنیا نے تسلیم کیا اور خصوصاً یہ وزیر اعظم عمران خان کا سالوں پرانا موقف ہے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا اور پاکستان ایک پیج پر ہیں اور وہ ایک پیج یہ ہے کہ افغانستان کا مسئلہ گفت وشنید اور مذاکرات سے حل کیا جائے اور پرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی کا طریقہ کار سامنے آ جائے جو جامع ہونے کے سات ساتھ وسیع تر بھی ہو تاکہ افغانستان کے تمام گروپس کو اس میں نمائندگی مل سکے اور وہ پرامن طریقے سے افغنستان کے مستقبل کا حل تلاش کر سکے۔
انہوں نے کہاکہ اب یہ افغانستان کی قیادت کی آزمائش کے لمحات ہیں، افغانستان کے عوام امن چاہتے ہیں، وہ استحکام چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ وہ اپنے گھروں میں محفوظ رہیں اور انہیں نقل مکانہ نہ کرنی پڑے اور روزمرہ کا کاروبار بھی چلتا رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ معاملات اسی طرح آگے بڑھے اور گفت و شنید سے مسئلہ حل ہو، ہماری کوششیں جاری ہیں، ہم تمام تر عمل کا حصہ رہے ہیں، چاہے دوحہ میں نشستیں ہوئیں، ٹرائیکا پلس میں بھی حصہ لیا، استنبول اور ماسکو کے اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عاشورہ کے بعد میں وزیر اعظم کی اجازت سے افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک سے رابطہ کروں گا اور ان سے تبادلہ خیال بھی ہو گا تاکہ ہم ایک پرامن حل کی طرف آگے بڑھ سکیں اور دیگر ہمسایوں کے ساتھ بیٹھ کر ایک پیج پر ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں افغانستان کی بہتری مقصود ہے، ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور ہمارا ایجنڈا امن و استحکام اور افغانستان کی یکجہتی و خوشحالی ہے، عوام کا تحفظ ہمارا ایجنڈا ہے اور ہم خون خرابے سے بچاؤ چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے خصوصی آپریشن کا فیصلہ