اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ناکام شدہ اپوزیشن ہے، یہ پہلے بھی ناکام ہوئی،اب بھی ناکام ہوگی،شہباز شریف اور آصف علی زرداری فالودے والے، پاپٹر والے اورمقصود چپڑاسی جیسے کرداروں کو بچانا چاہتے ہیں۔
ایک انٹرویومیں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کے ساتھ ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے،عوام کے لئے ان کی کوئی جدوجہد نہیں ہے،40سال یہ ملک کو لوٹتے رہے ہیں، اب بھی وہ اسی طرح کی بلیک میلنگ کررہے ہیں۔
ہم نہ پہلے اپوزیشن سے بلیک میل ہوئے ہیں اور نہ ابھی ان سے بلیک میل ہونگے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ لکھ لیں، انہوں نے ناکام ہونا ہے،وزیراعظم عمران خان کی تمام صورتحال پر گہری نظر ہے اور فیصلے بھی کرینگے۔
جن کا نظریہ لوٹ مار اور کرپشن کا پیسہ بچانا ہو اس اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔پی ٹی آئی کے اراکین کے تحفظات دور کرینگے،وہ پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ ہیں۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمن اور چوہدری شجاعت کی ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال