وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز خالی کروانے کیلئے پی ٹی آئی کے اراکین کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) عملے نے تحریکِ انصاف کی گرفتار رہنما عالیہ حمزہ کے گھر کا سامان اور اہلِ خانہ کو باہر نکال کر لاج خالی کرادیا ہے۔ سی ڈی اے کے عملے نے لاج کو مقفل کردیا۔
سائفر تحقیقات: عمران خان کو ایف آئی اے نے دوبارہ طلب کر لیا
خاتون پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ جیل میں قید ہیں جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے عالیہ حمزہ کے گھر کے سامان کی فہرست تیار کر لی گئی۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ عالیہ حمزہ کا لاج اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی ہدایات پر خالی کرایا گیا ہے۔
قبل ازیں تحریکِ انصاف کے متعدد اراکینِ اسمبلی کو لاجز خالی کرنے کیلئے نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم پی ٹی آئی کے اراکین نے لاجز خالی نہیں کیے۔ عالیہ حمزہ کی رہائش گاہ کسی اور رکن کو الاٹ کردی گئی۔
دریں اثناء اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کے گھر پر بھی رات گئے مبینہ طور پر چھاپہ مارا۔ ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پولیس نے میرا گھر سیل کردیا جبکہ ملازمین اور پالتو جانوروں کو بھی گھر سے نکال دیا ہے۔
تحریکِ انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا کا کہنا ہے کہ لاہور میں میرے کلینکس پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا اور دونوں کلینکس سیل کردئیے تاہم ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر زرقا کا دعویٰ حقائق کے منافی ہے۔