پاکستان میں آن لائن ملازمت کے کون کون سے طریقے دستیاب ہیں؟ جانیے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان میں آن لائن ملازمت کے کون کون سے طریقے دستیاب ہیں؟ جانیے
پاکستان میں آن لائن ملازمت کے کون کون سے طریقے دستیاب ہیں؟ جانیے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سائنس و ٹیکنالوجی نے انقلاب برپا کردیا ہے اور بے شمار ایسے طریقے ایجاد کرلیے گئے ہیں جن کے تحت آن لائن ملازمت کے ذریعے پیسے کمائے جاسکتے ہیں اور گھر کی ضروریات کے ساتھ ساتھ سہولیات کو بھی خریدا جاسکتا ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں ہر ماہ لاکھوں افراد آن لائن ملازمت کی تلاش کرتے ہیں مگر ان میں سے بہت کم لوگ ہی اپنی مرضی کی ملازمت حاصل کرکے آن لائن جاب حاصل کرسکتے ہیں جس کی مختلف وجوہات ہیں تاہم یہ جاننا ضروری ہے کہ آن لائن ملازمت کی کیا کیا صورتیں ہوسکتی ہیں، آئیے غور کرتے ہیں۔

ٹائپنگ اور کانٹینٹ رائٹنگ 

دنیا کے بے شمار افراد ٹائپنگ اور تخلیقی مواد لکھنے یعنی کانٹیٹ رائٹنگ کے ذریعے روزی کماتے ہیں تاہم پاکستان کے زیادہ تر شہروں میں یہ ملازمت کمپوزنگ سینٹرز اور کمپنیز میں جا کر کام کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

آن لائن فیور، اپ ورک یا فری لانس جیسی ویب سائٹس پر اپنی خدمات پیش کرکے ٹائپنگ اور ڈرافٹنگ سے پیسے کمائے جاسکتے ہیں جن میں درخواست، سی وی، مضامین اور تحقیقی کالمز لکھنا شامل ہے۔

متعدد نیوز ویب سائٹس بھی خواتین اور مرد حضرات کو گھر بیٹھے کام کرکے پیسے کمانے کا موقع فراہم کرتی ہیں جن سے ماہانہ ہزاروں روپے کی آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ 

گرافکس ڈیزائننگ 

اگر آپ ایڈوبی السٹریٹر، فوٹو شاپ اور ان ڈیزائن جیسے سافٹ وئیر پر مہارت رکھتے ہیں تو گرافکس ڈیزائننگ آپ کیلئے کوئی نیا شعبہ نہیں۔ پاکستان میں زیادہ تر آفسز اور کمپوزنگ سینٹرز میں کورل ڈرا استعمال کیاجاتا ہے تاہم عالمی سطح پر السٹریٹر کو فوقیت دی جاتی ہے۔

بک پبلشنگ کمپنیز میں بھی السٹریٹر اور گرافکس کے شعبے پر مہارت رکھنے والوں کی بہت زیادہ ضرورت پیش آتی ہے اور آن لائن بھی ان شعبہ جات میں کام کرکے لیٹر ہیڈز، وزیٹنگ کارڈز اور لوگوز بنا کر پیسے کمائے جاسکتے ہیں۔

اگر آپ آن لائن گرافکس ڈیزائننگ کے ذریعے رقم کمانا چاہتے ہیں اور آپ کو اس شعبے پر مہارت بھی حاصل ہے تو گرافک ریور ڈاٹ نیٹ آپ کیلئے ایک اہم ویب سائٹ ہوسکتی ہے جہاں ڈالرز میں پیسے کمائے جاسکتے ہیں۔ ایسی ہی متعدد مزید ویب سائٹس بھی انٹرنیٹ پر تلاش کی جاسکتی ہیں۔ 

ویب سائٹ ڈیزائننگ اور ورڈ پریس 

ہوسٹنگ اور ویب ڈیزائننگ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل کمپیوٹر سے وابستہ افراد کیلئے ایک دلچسپ اور منافع بخش کاروبار رہا ہے۔ ایک ہوسٹنگ کی کمپنی کھولنے کیلئے تو بلاشبہ لاکھوں کروڑوں کا سرمایہ چاہئے تاہم ورڈ پریس اور ویب ڈیزائننگ کیلئے سرمایہ کاری ضروری نہیں ہے۔

عموماً ویب ڈویلپرز کیلئے پی ایچ پی، سی ایس ایس اور ایچ ٹی ایم ایل کو بنیادی لینگویجز سمجھا جاتا ہے جو سیکھ کر کسی بھی قسم کی ویب سائٹ بنانا انتہائی آسان ہوتا ہے۔ تمام تر علوم سیکھنے کیلئے درکار عرصہ بھی اتنا طویل نہیں ہوتا تاہم بے شمار افراد کوڈنگ کی بجائے سی ایم ایس کو ترجیح دیتے ہیں۔ 

ڈیزائنرز اور ویب ڈویلپرز کیلئے ورڈ پریس کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جو دراصل ایک سی ایم ایس یعنی کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹم ہے۔ ڈروپل، جوملا اور پریسٹا شاپ سمیت دیگر متعدد سی ایم ایس کے ذریعے بھی ویب سائٹ بنائی جاسکتی ہے جن کیلئے کوڈنگ جاننا ضروری نہیں ہے۔

پی ایچ پی اور دیگر ضروری لینگویجز جاننے والے افراد کوڈ کینین اور تھیم ریور جیسی ویب سائٹس پر ورڈ پریس کی تھیمز اور پلگ اِنز بنا کر بھی فروخت کرتے ہیں جس سے امریکی ڈالرز میں بھاری بھرکم آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ 

ای کامرس

آج کل آن لائن اسٹور کھول کر بھی بہت سے لوگ کاروبار کر رہے ہیں جس کیلئے کسی آفس کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ ورڈ پریس، میگنیٹو، پریسٹا شاپ اور زین کارٹ سمیت متعدد سی ایم ایس کے ذریعے آن لائن اسٹور کھولنے میں ایک روز سے بھی کم وقت لگتا ہے۔

سب سے زیادہ وقت اپنی پراڈکٹس کی تصاویر اپ لوڈ کرنے، ان کی معلومات دینے اور قیمتیں لکھنے میں لگتا ہے جس کے بعد ویب سائٹ کی سوشل میڈیا اور گوگل ایڈز کے ذریعے تشہیر کی جاتی ہے۔آرڈرز ملتے ہی عوام کو آپ اپنی پراڈکٹس کی ترسیل شروع کرسکتے ہیں۔ 

یو ٹیوب چینل

اپنا یو ٹیوب چینل کھولنا تو جیسے کوئی کام ہی نہیں۔ آج کل کمسن بچوں سے لے کر بڑے بوڑھوں تک نے اپنا اپنا یو ٹیوب چینل کھول رکھا ہے جہاں ویڈیوز اپ لوڈ کرکے اپنی بات عوام کی بڑی تعداد تک پہنچائی جاسکتی ہے۔ 

شروع شروع میں یوٹیوبرز اپنی توجہ زیادہ سے زیادہ ویوز حاصل کرنے پر رکھتے ہیں یعنی ان کی ویڈیو کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگ دیکھیں، اس کے بعد پیسے کمانے کا مرحلہ سامنے آتا ہے۔ 

زیادہ سے زیادہ ویوز حاصل کرنے کے بعد یو ٹیوب پر ایڈ سینس کے ذریعے ڈالے گئے ویڈیو اشتہارات اور ایمازون کی پراڈکٹس کی تشہیر سے بھی پیسے کمائے جاتے ہیں جبکہ یو ٹیوب شارٹس کے ذریعے یو ٹیوب کی انتظامیہ ویڈیو تخلیق کرنے والوں کو براہِ راست ڈالرز میں ادائیگی کرتی ہے۔ 

این ایف ٹی 

ویب 3.0 کی آمد آمد ہے۔ نان فنجیبل ٹوکن جسے مختصراً این ایف ٹی بھی کہا جاتا ہے، آپ کی ملکیت میں موجود ایک ایسی چیز کا نام ہے جس کے حقوقِ ملکیت آپ آگے فروخت کردیتے ہیں۔

اوپن سی ڈاٹ آئی او سمیت متعدد ویب سائٹس پر این ایف ٹی کی خریدو فروخت بڑی تیزی سے جاری و ساری ہے۔ آپ کوئی تصویر، آڈیو پیغام، ٹویٹ یا کتاب کی فرسٹ کاپی بھی این ایف ٹی کے طور پر فروخت کرسکتے ہیں۔

آن لائن جاب اور فری لانسنگ کے اور بھی بے شمار طریقے ہیں جن کا تعلق آپ کی قابلیت اور صلاحیت سے ہے۔ بہتر یہ ہے کہ آپ کو خود جس شعبے پر مہارت حاصل ہو، انٹرنیٹ پر اسی شعبے کی آن لائن ملازمت حاصل کی جائے۔ 

Related Posts