سن 1939ء سے فلمی دنیا پر راج کرنے والی امریکی نژاد برطانوی اداکارہ اولیویا کا 104 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا جس پر ہالی ووڈ فلم انڈسٹری سوگوار نظر آتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گون وِد ونڈ نامی فلم میں اداکاری کے ذریعے عوام سے داد وصول کرنے والی عمر رسیدہ اداکارہ اولیویا ڈی ہیویلینڈ گزشتہ روز طبعی وجوہات کے باعث انتقال کر گئیں جبکہ انہیں ہالی ووڈ کے سنہری دور کی آخری یادگار اداکارہ سمجھا جاتا تھا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ گزشتہ 60 سال سے فرانس ہی میں مقیم تھیں جبکہ اپنے فلمی کیرئیر کے دوران انہوں نے 2 اکیڈمی ایوارڈ بھی جیتے جبکہ 30ء کی دہائی میں کیرئیر کے آغاز کے ساتھ ہی انہیں فلم بینوں کی توجہ حاصل ہوگئی تھی۔
بعد ازاں 1946ء اور 1949ء میں اداکارہ اولیویا نے مشکل کرداروں پر بھی طبع آزمائی کی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شہرت میں اضافہ ہوتا رہا۔ اپنی وفات کے وقت تک اولیویا برطانیہ، امریکا اور فرانس تینوں ممالک کی شہریت رکھتی تھیں۔
کیرئیر کے اختتام تک اولیویا نے مختلف فلموں میں کام جاری رکھا۔ سن 2009ء کے بعد سے اولیویا نے فلم انڈسٹری کو عملی طور پر خیرباد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے 2 بار شادی کی لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی مرتبہ یہ تجربہ ناکام رہا، تاہم فلم انڈسٹری میں وقتاً فوقتاً کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کمپیئر طارق عزیز کا 84 برس کی عمر میں انتقال