مغربی افریقی ملک لائبیریا میں حادثے کے شکار آئل ٹینکر سے ایندھن اکٹھا کرنے کی لالچ میں 40 افرادلقمہ اجل بن گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ دارالحکومت منروویا سے تقریباً 130 کلومیٹر دور قصبے ٹوٹوٹا میں پیش آیا جہاں سڑک کے کنارے ایندھن سے بھرا ٹینکر پہلے اُلٹا، پھر دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی ایندھن سے بھرے ٹینکر کو حادثہ پیش آیا، مقامی لوگ ٹینکر سے ایندھن جمع کرنے کے لیے جائے وقوعہ پہنچنے اور پھر فوراً دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
لائبیریا کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 40 سے زائد افراد کے جھلس کر ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ کم از کم 83 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ٹینکر کے الٹنے کے بعد بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ اس کے ارد گرد بالٹیاں اور برتن لیے جمع ہو گئے تھے۔