اسلام آباد: افغانستان میں انسانی المیے کے خدشات پر غورو خوض کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کا وزرائے خارجہ کونسل اجلاس شروع ہوگیا۔ او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں خطے کی صورتحال پر بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی کا 17واں غیر معمولی اجلاس سعودی عرب کی تجویز پر پاکستان میں منعقد ہورہا ہے۔ سیکریٹری جنرل او آئی سی، اسسٹنٹ جنرل سیکریٹریز اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔
وزیراعظم سے علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات ،اہم امورپر بات چیت
پاکستان نے او آئی سی اجلاس کو افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دے دیا
گزشتہ روز بھی او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے دن بھر مہمانوں کی آمد جاری رہی۔ پاکستان او آئی سی کےاجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جو پارلیمنٹ ہاؤس کے قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیاجارہا ہے۔ ہال اسلامی ممالک کے پرچموں سے سجا دیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔ او آئی سی کا افتتاحی اجلاس دن 11 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا۔ سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہٰ اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود خطاب کریں گے۔
آج شام 6 بج کر 30 منٹ تک جاری رہنے والے او آئی سی اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی جس میں میڈیا نمائندگان کو اجلاس کی کارروائی اور فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتہ اور پیر کو مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ 3 روز تک مسلسل چھٹیاں ہونگی۔ او آئی سی اجلاس کے دوران مہمانوں کی سیکورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عام شہری ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔