پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے اکتوبر 2024 کے لیے آئی سی سی مین پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نعمان علی نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔37 سالہ آرٹھوڈوکس بولر نے پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف 2-1 سے جیتی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
نعمان علی کی شاندار کارکردگی کی بدولت انہوں نے سیریز میں 20 وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی پاکستان کو 2021 کے بعد پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
نعمان علی نے ایک بیان میں کہا، “آئی سی سی مین پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز ملنا میرے لیے بہت بڑی عزت کی بات ہے۔ میں اپنے ٹیم کے ساتھیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس تاریخی ہوم ٹیسٹ سیریز کی جیت میں میری حمایت کی۔ ایسی فتوحات ہمیشہ ٹیم اور ملک کے لیے خاص ہوتی ہیں۔”
افغانستان نے بنگلہ دیش کو سیریز ہرادی، افغان کرکٹر عظمت اللہ عمرزئی ٹاپ ٹرینڈ
نعمان کی کارکردگی اکتوبر میں دو شاندار ٹیسٹ پرفارمنس کے ساتھ نمایاں ہوئی۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں 147 رنز کے عوض حاصل کیں اور دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹیں 46 رنز کے عوض حاصل کر کے انگلینڈ کے بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کر دیا۔
تیسرے ٹیسٹ میں راولپنڈی میں نعمان نے بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 45 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر پاکستان کو پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری دلائی۔ اس کے بعد انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 112 رنز پر آؤٹ کیا اور پاکستان کو 9 وکٹوں سے فتح دلائی۔
نعمان علی وہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہیں اگست 2023 کے بعد آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز ملا ہے۔