کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ، مذہبی امور، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے سالانہ بجٹ 2020 21 پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات اب سب کو معلوم ہو چکی ہے کہ موجودہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جو معاشی ٹیم ہے وہ ایک بالکل ناکام ٹیم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے بجٹ میں کچھ ریلیف نہیں دیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے میں ہم دیکھ رہے ہوں گے کہ ایک منی بجٹ یا سپلیمنٹ بجٹ آرہا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ جو کہ پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن جیتنے سے پہلے چڑیل نظر آتی تھی اب ان کو مس ورلڈ نظر آتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان تمام کاروباری حضرات کے لیے جو کہ تعمیرات کے بزنس سے وابستہ ہیں کوکچھ ریلیف اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے لیکن ان مزدوروں کے لئے کچھ نہیں ہے جو کہ تعمیرات کے کام سے منسلک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل میں تو حکومت کو ان مزدوروں کا جو کے غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں خیال رکھنا چاہیے تھا نہ کہ ان کاروباری حضرات کا جن کے پاس پہلے ہی بہت پیسہ ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے سوال کیا کہ کووڈ 19 سے نمٹنے کے لئے بجٹ میں ایسا کیا رکھا گیا جو کوئی فرق پیدا کرسکے یا اثرانداز ہوسکے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی تھی کہ کورونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ کیوں کہ وفاقی حکومت نہ پہلے کورونا وائرس کے مسئلے پر سنجیدہ تھی اور نہ اب ہے اسی لئے انہوں نے بجٹ میں بھی اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا کسان پورے ملک میں اپنی پکی پکائی فصلوں کو ٹڈی دل کے ہاتھوں تباہ ہوتے دیکھ رہا ہے اور حکومت سے مایوس ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے چھ مارچ کو ہونے والی میٹنگ میں اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ اپریل تک پورے ملک میں جہاں جہاں ٹڈی دل کا حملہ ہوا ہے وہاں پر ہوائی اسپرے کیا جائے گا تا کہ فصلوں کو بچایا جا سکے لیکن اب تک کچھ نہیں کیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اس حکومتی بجٹ کو پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بجٹ میں ملک کو درپیش سنگین خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی،سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک روایتی بجٹ پیش کیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا عوام دشمن بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو صرف تکلیف ہی تکلیف دی گئی ہے،یہ ایک انتہائی حیرت کی بات ہے کہ اتنی مہنگائی کے دور میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی نا تو تنخواہوں اور نہ ہی پنشن میں کوئی اضافہ کیا۔