کراچی میں جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 141 رنز بنا لیے جس سے کیوی ٹیم کی مجموعی برتری 192 رنز تک جا پہنچی۔ پاکستان نے مہمان ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کا آج چوتھا روز ہے۔ دونوں ٹیمز کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، اس لیے سیریز میں کسی بھی ٹیم کی جیت کا دارومدار موجودہ ٹیسٹ میچ پر ہے۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ گئے
آج پاکستان نے 407 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ابرار احمد اور سعود شکیل نے بیٹنگ کی ذمہ داری سنبھالی تاہم 408 رنز پر ہی ابرار احمد کوئی رن بنائے بغیر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
سعود شکیل کی 125 رنز کی اننگز میں 17 چوکے شالم تھے۔ میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کو پاکستان پر 41 رنز کی برتری حاصل تھی جسے بڑھانے کیلئے کیوی ٹیم نے آج ہی بیٹنگ کا آغاز کردیا۔ ڈیوون کونوے میر حمزہ کی گیند کا نشانہ بن کر آؤٹ ہو گئے۔
ڈیوون کونوے کوئی رن بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ٹام لیتھم کے ساتھ کین ولیمسن نے بیٹنگ شروع کی اور 109رنز کی مضبوط شراکت داری قائم کی تاہم نسیم شاہ نے لیتھم کو 62 رنز پر ہی پویلین کی راہ دکھا دی۔ 114 کے ہی مجموعے پر ایک اور وکٹ گر گئی۔
کین ولیمسن 41 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ہنری نکولس نے بھی 5رنز بنائے اور حسن علی کی گیند پر کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ نے چائے کے وقفے تک 4 وکٹس کے نقصان پر 141رنز بنا لیے۔