کراچی: گلستانِ جوہر میں شہری عامر کے قتل کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ویڈیو میں مقتول شدید زخمی حالت میں سیڑھیوں پر دیکھا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں 3 پولیس اہلکاروں کو ہاتھوں میں الگ الگ پستول پکڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ جعلی مقابلے کا مرکزی کردار ایک پولیس اہلکار تھا جو مقتول عامر کی تلاشی لیتا رہا۔
جعلی مقابلے میں شہری کے قتل کا مقدمہ درج، 2 اہلکار گرفتار
واقعے کی تفتیش جاری ہے جس کے دوران پولیس مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کررہی ہے۔ تلاشی کے دوران پیچھے کھڑے پولیس اہلکار نے شدید زخمی عامر پر پستول تانے رکھی۔
فائرنگ کی آواز سن کر فلیٹس کے مکین نیچے آنے لگے۔ یہ دیکھ کر پولیس اہلکار نے عامر کی شناخت چھپانے کیلئے مقتول کے چہرے پر سرخ کپڑا ڈال دیا۔ مقتول کئی سال سے اسی جگہ مقیم تھا۔
علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد مقتول عامر کو جانتی تھی جس کے بارے میں پولیس اہلکاروں کو علم تھا۔ ملزمان نے فوری طور پر معاملے کو چھپانے کیلئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں عافیت جانی۔
جعلی پولیس مقابلے کے دوران عامر کا ساتھی حمید اللہ اپنی بھتیجی کے ساتھ موٹر سائیکل پر موجود تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں حمید اللہ کو بھاگتے ہوئے اور بچی کو موٹر سائیکل سے اتر کر روتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔