ایڈیلیڈ: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیدر لینڈز کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 13 رنز کے فرق سے اَپ سیٹ شکست دے دی ہے جس سے پاکستان کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیدر لینڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹس کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
انگلینڈ سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
جنوبی افریقہ نے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹس کے نقصان پر 145رنز بنائے جس کے نتیجے میں نیدر لینڈز کی ٹیم 13رنز کے فرق سے میچ جیت گئی۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف بھی میچ میں شکست کھائی تھی۔ آج ہونے والے میچ میں نیدر لینڈز کے کولن ایکرمین نے 26 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
اسٹیفن مائی برگ 30 گیندوں پر 37رنز بنا کر نیدر لینڈز کے دوسرے نمایاں ترین کھلاڑی رہے۔ ٹام کوپر نے 19 گیندوں پر 35 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو 159رنز کا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی جانب سے ریلی روسو 19 گیندوں پر 25 رنز بنانے والے اہم ترین کھلاڑی تھے۔ ہنرچ کلاسن نے 18 گیندوں پر 21 جبکہ کپتان ٹمبا باووما 20 گیندوں پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔